• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

خواتین ہر روز اس مسئلہ سے دوچار ہوتی ہیں کہ آج کیا پکایا جائے جو بڑے اور بچے سب شوق سے کھائیں ۔ لیکن سب کے مشوروں سے بننے والی ڈش بھی کسی نہ کسی کو ناپسند ہوتی ہے۔اس لئے آج ہم نے گوشت ،چکن اور سبزی کی مختلف ڈشز کی تراکیب آپ کے لیے پیش کی ہے جو دل چاہے پکائیں

بوہری فرائیڈ چکن

اجزاء:۔ چکن آدھا کلو(بون لیس)،گرم مسالہ دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ ،تیل تلنے کے لئے،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ،چلی پاؤڈر تین کھانے کے چمچے،ہلدی پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ،انڈے چھ عدد،میدہ آدھی پیالی۔

ترکیب:۔ تھوڑا سا تیل گرم کر کے اس میں ادرک اور لہسن کاپیسٹ فرائی کر لیں۔اب اس میں چکن، لال مرچ، ہلدی اور نمک شامل کر کے پانچ منٹ فرائی کریں۔ ایک کپ پانی ڈال کر اُبال آنے تک دھیمی آنچ پر پندرہ منٹ پکائیں۔بعدازاں اس میں گرم مسالہ شامل کرکے پانی خشک کر لیں۔چکن کو ٹھنڈا کرکے میدے میں کوٹ کریں اورپھینٹے ہوئےانڈوں میں ڈبو کر گرم تیل میں دوبارہ تل کر نکال لیں۔ مزیدار بوہری فرائیڈ چکن کیچپ کے ساتھ مزے سے کھائیں۔

بیف فرائیڈ

اجزاء:۔ گائےکاگوشت آدھا کلو (کیوبز کی شکل میں کٹا ہوا) ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے ، گرم مسالہ چوتھائی کھانے کا چمچہ ، لال مرچ پسی ہوئی دو کھانے کے چمچے، کچا پپیتا (پسا ہوا)دوکھانے کے چمچے، انڈے دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ ، تیل (تلنے کے لیے)حسبِ ضرورت۔

ترکیب:۔ گوشت پر نمک لگا کر چڑ ھا دیں اور پانی خشک ہونے تک پکائیں ۔پھرٹھنڈاکر کے ان پر کچا پپیتا ، لال مرچ ، تھوڑا سا نمک اور گرم مسالہ لگا کر دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس مسالہ ملے گوشت کو اس وقت تک پکائیں جب تک اس کا پانی خشک نہ ہوجائے،پھر تیل گرم کریں اور انڈے پھینٹ کر بوٹیوں کو اس میں ڈپ کر کے تیل میں تل لیں۔ جب گلابی ہونے لگے تونکال لیں ۔ مزیدار بیف فرائیڈ تیار ہے چٹنی اور کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔

ویجیٹیبل چکن مِکس

اجزاء:۔ بون لیس چکن آدھا کلو ( چھوٹے چھوٹےٹکروں میں کاٹ لیں) بند گوبھی ایک پاؤ باریک کٹی ہوئی ، گاجرچار عدد ، شملہ مرچیں ایک پائو ، ہری مرچیں تین عدد، ان سب کو باریک کاٹ لیں۔ ( تھوڑی دیر انھیںاُبال لیں)ہری پیازدو عدد ،لہسن دو جوے باریک کاٹ لیں ،کارن فلور چھ کھانے کے چمچے،چلی ساس چار کھانے کےچمچے،سویا ساس چارکھانے کےچمچے،چینی ایک کھانے کا چمچہ،کالی مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ ،سفید مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچہ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ، نمک حسب ِذائقہ ،تیل حسب ضرورت ۔

ترکیب:۔ چکن میں چلی ساس ، سویا ساس کارن فلور، سفید مرچ اور نمک ملا کر پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ بعدازاں تیل گرم کرکے لہسن فرائی کریں ۔یاد رکھیں لہسن سفید رہے سرخ نہ ہو ، اب اس میں چکن ڈال کر اُس وقت تک فرائی کریں کہ چکن گل جائے اور پانی خشک ہوجائے ۔اب چکن میں شملہ مرچ ، گاجر ، ہری مرچ ڈال کر کچھ دیر فرائی کرکے اُتار لیں ۔ اب ایک دوسرے پین میں باقی بچا ہوا کارن فلور ، چلی ساس ، سویا ساس ، کالی مرچ ، اور چینی ایک گلاس پانی میں مکس کر کے گاڑھا ہونے تک پکائیں۔ اب یہ آمیزہ چکن میں ڈال کر ساتھ ہری پیاز اور بند گوبھی بھی ڈال دیں اور تھوڑی دیر پکائیں۔ چکن ویجیٹیبل مکس تیار ہے ، اُبلے ہوئے چاول سے گرم گرم نوش فرمائیں ۔

فرائی بینگن

اجزاء:۔ بینگن لمبے والے آدھا کلو (یا جتنے آپ تلنا چاہیں)،لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ،پسا دھنیا دوکھانے کے چمچے، امچورایک کھانے کا چمچہ ( اگرامچور نہ ملے تو چاٹ مسالہ تھوڑا زیادہ کردیں)،چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ،پساگرم مسالہ آدھا چائے کا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ،تیل تلنے کے لئے اتنا کہ بینگن فرائی ہوتے وقت پوری طرح ڈوب جائیں ۔

ترکیب:۔ بینگن کو بیچ سے اس طرح کاٹ لیںکے اس کی ڈنڈی جُڑی رہے ۔ اس کےچارٹکرے کرلیں۔اب ایک برتن میں پانی میں نمک اور سرکہ ملا کر ان تمام کٹے ہوئے بینگن کو اچھی طرح دھولیں۔ ا س طرح اس کی کڑواہٹ دور ہوجائےگی ا ور اضافی بیج بھی نکل جائیں گے اور پھر کسی جالی کی ٹوکری میں رکھیں ،تاکہ پانی اچھی طرح نکل جائے۔اب تمام مسالےمکس کرکے ان تمام بینگنوں پر اچھی طرح مل کرلگائیں۔ احتیاط کریں کہ بینگن نہ ٹوٹیں- اب کڑاہی میں تیل ڈال کر اچھی طرح گرم کرلیں۔دو دو یا تین تین بینگن کڑاہی میںتلیں جب ایک طرف سے سرخ ہو جائیں تو چمٹے کی مدد سے پلٹیں اور دوسری طرف بھی سرخ ہونے دیں۔ پھر کسی کاغذ پر بچھا دیں جب خشک ہوجائیں تو پھرپلیٹ میں سلاد کے پتے بچھاکر ترتیب سے رکھیں اور ان پر لیموں کا رس، ہرا دھنیا اور کٹی ہوئی ہری مرچ ڈالیں اور چاہیں تو دہی کے رائتے کے ساتھ تناول فرمائیں۔ مزے دارکرارے چٹ پٹے بینگن تیارہیں۔

مسالے والی بھنڈی

اجزاء:۔ بھنڈی آدھا کلو، اوپر نیچے سے کاٹ لیں۔ پیاز پسی ہوئی ایک کپ ،نمک ، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ ،ادرک لہسن کا پیسٹ آدھا کپ ،پسا دھنیا چار کھانے کے چمچے ،ہلدی پسی ہوئی آدھی چمچی ،سفید زیرہ دو کھانے کے چمچے، تیل ایک پیالی۔

ترکیب:۔ دو کپ پانی میں تمام اجزا ملا دیں،پھر دیگچی میں تیل گرم کر کے زیرہ اورمسالہ ڈال کر تیل میں بھون لیں ،جب تیل اوپر آ جائے تو بھنڈیوں کو درمیان میں سےکاٹ کر اس میں پسی ہوئی کھٹائی اور زیرہ بھر دیں اور مسالے میںڈال کر صرف دس منٹ تک پکا ئیں۔

بند گوبھی کی بھجیا

اجزاء:۔ بند گوبھی ایک عدددرمیانی باریک کٹی ہوئی ، آلو دو عدد باریک کٹے ہوئے،گاجرایک عددرمیانی لمبائی میں کاٹ لیں،ہری مرچ دو سے تین عددباریک کٹی ہوئی،تیل ایک چوتھائی پیالی،ادرک ایک درمیانہ ٹکڑا باریک کٹا ہوا،لہسن کے جوےتین سے چار عددکٹے ہوئے،پیاز ایک عدددرمیانی کٹی ہوئی،گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کاچمچہ ،ہلدی پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ لال مرچ پسی ہوئی ایک چائےکا چمچہ،زیرہ ایک چائے کا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ،ٹماٹر چاراُبلے اور سلائس میں کٹے ہوئے،آمچور پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ،پانی آدھی پیالی،ہرا دھنیا ایک چوتھائی گٹھی کٹی ہوئی۔

ترکیب:۔ ایک دیگچی میں تیل گرم کرکے ادرک، لہسن اور پیازڈال کراتنا پکائیں کہ وہ نرم ہو جائے اور کچا پن دور ہو جائے۔پھر اس میں بند گوبھی، آلو، گاجر، ہری مرچ، گرم مسالہ ،ہلدی، لال مرچ، زیرہ اور نمک شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک بھونیں۔اب اس میں ٹماٹر، آمچور پاؤڈر اور پانی شامل کرکے ڈھک کر آٹھ سے دس منٹ تک دم پر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔پھر ہرا دھنیا ڈال کر آنچ تیز کرکے تھوڑا سا بھون لیں۔مزےدار بند گوبھی کی بھجیا تیار ہے۔

تازہ ترین