لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بجٹ پر اپوزیشن کو نہ بولنے دینا اور دھونس جمانا ناقابل برداشت ہے ۔وزیر اعظم کا اپنا رویہ جمہوریت کش ہے۔وزیر اعظم ایوان کو نہیں چلنے دیں گے تو حکومت کو کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے، کشتی ڈوب گئی تو حکومت بچے گی نہ اپوزیشن۔ وہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، سینیٹر سراج الحق نے پشاور کے جناح پارک میں غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ اگر فیصلے ایوانوں میں نہ ہوئے تو پھر چوکوں اور چوراہوں میں ہونگے۔اپوزیشن کو بھی اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کا حق ہے۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ خود حکومت ایوان کو چلنے نہیں دے رہی ۔کرپشن کی تحقیقات کے لیے حسین اصغر کی سربراہی میں بنائے گئے انکوائری کمیشن میں گزشتہ دس سال کی بجائے پرویز مشرف کے دور کو بھی شامل کیا جائے ۔ وزیراعظم سمیت کسی کو بھی کمیشن کی تحقیقات میں مداخلت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ وزیراعظم کی نگرانی کی بجائے یہ کمیشن مکمل طور پر آزاد ہوناچاہیے۔