راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) تھانہ مری کی نئی عمارت اور ڈولفن فورس راولپنڈی کے دفاتر کا تعمیراتی کام التواء کا شکار ہو گیا۔ پنجاب کے پرفضا مقام ملکہ کوہسار میں تھانہ مری کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے سابق صوبائی حکومت نے 2014ء میں 5کروڑ 40لاکھ روپے کی منظوری دی تھی اور گلڈنہ روڈ پر 10کنال اراضی پر تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا تھا جو تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق عمارت کی تقریباً 90فیصد تعمیر مکمل ہو چکی اور اب فنشنگ کا کام باقی ہے۔ (ن) لیگ کی حکومت کے آخری دنوں میں آئی جی پولیس پنجاب نے دوسری سکیموں سے رقم نکلوا کر تھانہ کی تعمیر کیلئے فراہم کی تھی لیکن اسکے باوجود یہ منصوبہ التواء کا شکار ہے۔ اس اسٹیشن کی حدود میں ٹریفک وارڈنز کی رہائشی بارک بھی تعمیر کی جانی ہے لیکن سی ٹی او راولپنڈی کی عدم دلچسپی کے باعث تاحال اسکی لاگت کا تخمینہ ہی تیار نہیں ہوسکا۔ ادہر مورگاہ راولپنڈی میں 2018ء کے اوائل میں شروع ہونیوالے ڈولفن فورس راولپنڈی کے دفاتر اور پارکوں میں پارکنگ کیلئے شیڈز کی تعمیر کا کام بھی التواء کا شکار ہے۔ یہاں بھی 80فیصد کام ہو چکا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آر پی او اور سی پی او تعمیراتی کام میں ذاتی دلچسپی لیکر مکمل کرائیں۔