• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم آگیا میٹھے اور خوش ذائقہ آم کھانے کا !!!

وہ موسم آگیا جب ہر کوئی پیلے ،خوش ذائقہ پھل آم سے خوب مزہ اٹھائے گا۔یہ پھل کھانے میں جتنا مزیدار ہے افادیت کے لحاظ سے بھی اتنا ہی قیمتی ہے۔ہر کوئی جانتا ہے کہ یہ پھلوں کا بادشاہ آم ہے۔شاید ہی کوئی ہو جس کو آم پسند نا ہو۔رات کو گھر میں جب سب گھر والے مل کر بیٹھتے ہیں تو ٹھنڈے ٹھنڈے آم ڈھیر ساری باتوں کے ساتھ کھانے کا رواج ہمارے ہاں آج بھی زندہ ہے۔آم کی پیٹیاں تحفہ کے طور پر آج بھی اندرون و بیرون ممالک بھیجی جاتی ہیں۔ اب اس کی افادیت کی بات کی جائے توپھلوں کا بادشاہ آم لذت میں لاجواب ہے اور طبی لحاظ سے بھی اس کے بے شمار فوائد ہیں۔ایک اندازے کے مطابق یہ تقریباً4ہزار سال سے کاشت کی اجارہا ہے ۔ اس کی کئی اقسام ہیں ۔ہر قسم الگ ذائقہ ،رنگ اور سائز میں پائی جاتی ہے۔جدید تحقیق کے مطابق آم میں موجود وٹامن اے اور اینٹی آکسیڈینٹس جلد کو داغ دھبوں سے بچاتے ہیں اور بیٹا کروٹین سے بینائی تیز ہوتی ہے ۔ آم کا استعمال جلد کو صاف چمکدار بنانے کے ساتھ ساتھ جھریوں سےبھی محفوظ رکھتا ہے ۔یہ جسمانی امیونیٹی کو بہتر بناتا ہے۔علاوہ ازیں یہ نظام انہظام،ہائی کولیسٹرول، آنکھوں،بالوں اور دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ آم کا استعمال مختلف کھانوں ،چٹنیوں اور سلاد میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا ملک شیک بھی بہت پسند کیا جاتا ہے۔آم سے بنی چند ڈشزکی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

مینگو کوکونٹ کھیر

اجزاء۔

دُودھ۔ آدھا لیٹر

الائچی۔ دو عدد

چینی ۔دو کھانے کے چمچ

چاول ۔آدھا کپ (پانی میں بھگوئے ہوئے)

مینگو ۔آدھا کلو

کوکونٹ ۔ایک کپ

پانی ۔تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

ایک پین میں دُودھ، الائچی، چینی اور چاول شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں ۔

اب اس میں تھوڑا سا کوکونٹ شامل کرکے اچھی طرح سے گاڑھا ہونے تک پکا لیں۔

اب مینگو کا چھلکا اُتار کر کاٹ لیں۔

پھر بلینڈر میں کٹے ہوئے مینگو ،باقی بچا ہوا کوکونٹ اور پانی شامل کرکے بلینڈ کرلیں۔

اب اس مینگو مکسچر کو کوکونٹ کھیر میں شامل کرکے مکس کر لیں اور چولہا بند کر دیں۔

مینگو کوکونٹ کھیر کو کٹے ہوئے مینگو سے سجا کر پیش کریں۔

مینگو چیز کیک

اجزاء۔

بسکٹ کا چورا ۔دو کپ

مکھن۔ پچاس گرام

:فلنگ کے لیے

جیلیٹن پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

کریم چیز۔ ایک بوتل

کریم۔ دو پیکٹ

چینی۔ ایک کپ (پسی ہوئی)

مینگو ایسنس۔ آدھا چائے کا چمچ

آم کا گودا۔ ایک کپ

مینگو جیلی۔ ایک پیکٹ

ترکیب۔

1۔بسکٹ کا چورا اور مکھن کو اچھی طرح ملاکر مولڈ میں ڈالیں اور خوب دباکر فریج میں رکھ دیں۔

2۔فلنگ کے لیے:جیلیٹن پاؤڈر کو نیم گرم پانی میں بھگودیں۔

3۔پھر ایک الگ برتن میں کریم چیز، کریم، چینی، مینگو ایسنس اور آم کا گودا ڈال کر بیٹر سے پھینٹ لیں۔

4۔اب اس مکسچر کو مولڈ میں بسکٹ کے آمیزے کے اوپر ڈال کر دو گھنٹے کے لیے فریج میں رکھیں۔

5۔پھر مینگو جیلی کو دو کپ پانی میں ڈال کر پکائیں اور ٹھنڈا کرکے مینگو چیز کیک پر ڈالیں۔

6۔آخر میں اس کیک کو مزید بیس منٹ ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

مینگو چکن اسٹر فرائی

اجزاء۔

چکن بریسٹ۔ ایک عدد (بون لیس)

تیل ۔دو کھانے کے چمچ

مینگو پیوری۔4/3 کپ

نمک، کُٹی سیاہ مرچیں۔ حسب ِذائقہ

آم ۔ایک کپ(سلائس کٹے ہوئے)

لال شملہ مرچ ۔ایک عدد (لمبائی میں کٹے ہوئے)

بروکلی (پھول الگ کئے ہوئے)۔ایک کپ

کارن فلور۔ ایک چائے کا چمچ

پانی۔ دو چائے کے چمچ

ترکیب۔

ایک سوس پین میں تیل گرم کریں۔

گوشت کے لمبے ٹکڑے کاٹ کر ڈالیں اور فرائی کریں۔

اس کے بعد اس میں شملہ مرچ، بروکلی کے پھول، مینگور پیوری نمک سیاہ مرچ ڈال کر 5 منٹ تک پکائیں۔

آخر میں کارن فلور پانی میں مکس کر کے ڈالیں۔

رائس کے ساتھ سرو کریں۔

مینگو وپ ود بنانا کریم

اجزاء۔

کنڈینسڈمِلک ۔تین چوتھائی پیالی

دودھ ۔آدھی پیالی

کریم ۔دو پیالی

آم۔ چند ٹکڑے

آم کا گودا۔ ڈیڑھ پیالی

ونیلا ایسنس ۔چائے کا ایک چمچ

خشک میوہ (کُترا ہوا) ۔آدھی پیالی

ترکیب۔

کنڈینسڈمِلک اور آدھی پیالی دودھ کو اکٹھا پھینٹ لیں۔

اس میں آم کا گودا شامل کر یں۔

کریم کے پیالے کو برف بھرے پیالے میں رکھ کر اتنا پھینٹیں کہ یہ خوب پھول جائے۔

اس کو کنڈینسڈمِلک کے مرکب میں ڈالیں اور ایسنس بھی شامل کر دیں ۔

ادھ جما ہونے تک فریز کر دیں۔

اس مرکب کو فریزر سے نکال کر دوبارہ پھینٹ لیں اور اس میں آم کے ٹکڑے شامل کر دیں۔

جمنے کے لئے فریز کر دیں۔

پیش کرنے سے پہلے آئس کریم کو کانٹے کی مدد سے اتنا پھینٹ لیں کہ آئس کریم نرم ہو جائے۔

بنانا کریم اور خشک میوے کے ساتھ پیش کر یں۔

مینگو پوری

اجزاء۔

میدہ۔ ایک پاؤ

گھی۔ چھٹانک

میٹھے پکے ہوئے آم کا گودا ۔ایک چھٹانک

چینی۔ ایک بڑا چمچ

ترکیب۔

میدہ گھی میں تل لیں اور آم کے گودے میں گوند کر سخت لئی بنا لیں۔

اس کی آٹھ چھوٹی چھوٹی گولیاں بنا کر پوریاں بیل لیں اور تلنے کے دوران ان پر چینی بکھیرتے جائیں۔

پھرگرم گرم مینگو پوری سرو کریں۔

مینگو میکرونی سیلڈ

اجزاء۔

آم ۔دو کپ (کیوبز بنالیں)

نارنجی۔ آدھا کپ (چھلکا اتارلیں)

نارنجی کا جوس ۔دو کھانے کے چمچ

ادرک کا عرق ۔آدھا چائے کا چمچ

میکرونی۔ ایک کپ (ابلی ہوئی)

انگور ۔آدھا کپ

انار ۔دو کھانے کے چمچ

کالی مرچ ۔چائے کا چمچ

مکھانے ۔آدھا کپ (بھنے ہوئے)

ترکیب۔

آم کے کیوبز کو میکرونی کے ساتھ مکس کر لیں۔

اس میں نارنجی، انگور، انار، نارنجی کا جوس، ادرک کا عرق ، کالی مرچ پاؤڈر اور مکھانے ڈال دیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔

اس کے بعد اس کو فریج میں 2 گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔

ٹھنڈا ہونے پر سرو کریں۔

مینگو مورینگ پائی

اجزاء۔

میدہ۔ اڑھائی کپ

مکھن۔ آٹھ کھانے کے چمچ

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

پانی ۔حسب ضرورت

فلنگ کے لیے۔

آم ۔تین عدد

مینگو جوس۔ ایک کپ

چینی ۔تین چوتھائی کپ

انڈے۔ دو عدد

مکھن ۔اڑھائی کھانے کے چمچ

لیموں کا رس۔ آدھا کپ

کارن فلور۔ ایک چوتھائی کپ

لیموں کا چھلکا۔ دو چائے کے چمچ

مورینگ کے لیے۔

انڈے کی سفیدی ۔تین عدد

نمک۔ ایک چٹکی

لیموں کا چھلکا ۔چار لیموں

چینی۔ آدھا کپ

پانی۔ ایک چوتھائی کپ

1۔آم کا گودا، مینگو جوس، چینی، لیموں کا رس، انڈے اور کارن فلور کو ایک ساتھ اُبال آنے تک پکائیں۔

2۔آخر میں ایک کھانے کا چمچ مکھن ڈال کر ٹھنڈا کر لیں۔

3۔ڈو کے لیے:میدہ میں نمک، مکھن اور پانی ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے آدھا گھنٹہ فریج میں رکھیں۔

4۔اب ڈو کو نکال کر رول کرلیں اور نو انچ کے پائی پین میں لگائیں۔

5۔اوپر سے مینگو کی فلنگ شامل کرکے فریج میں ٹھنڈا کر لیں۔

6۔مورینگ کے لیے: انڈے کی سفیدی میں نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔

7۔چینی کو پانی ڈال کر پکائیں۔

8۔گرم شوگر سیرپ کو انڈے کی سفیدی میں تھوڑا تھوڑا ڈال کر مکس کرتے جائیں۔

9۔اب مینگو فلنگ پر پھیلائیں اور سرو کریں۔

آم کی ربڑی

اجزاء۔

دودھ ۔چھ کپ

شکر ۔ایک کپ

آم کا گودا ۔ایک کپ

ترکیب۔

کڑھائی میں دودھ ڈال کر ابا لیں اور پھر دھیمی آنچ پر ڈیڑھ گھنٹے تک پکنے دیں یا جب تک وہ گاڑھانہ ہو جائے ۔ چولہے سے اتار کر اس میں شکر ملا دیں اور ملاتے رہیں یہاں تک کہ شکر اس میں حل ہو جائے ۔ ربڑی کے ٹھنڈے ہو جانے کے بعد اس میں آم کا گودا ملا دیں۔ ریفریجریٹر میں ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔

کیری کی چٹنی

اجزاء۔

کیری۔آدھا کلو

چینی۔سات سو پچاس گرام

پانی۔ڈھائی کپ

باریک کٹی ادرک۔دو کھانے کے چمچ

باریک کٹا لہسن۔دو کھانے کے چمچ

سفید سرکہ۔ایک کپ

ثابت لال مرچ۔پندرہ عدد

کُٹی لال مرچ۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب۔

کیریوں کو باریک سلائس میں کاٹ کر ایک گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو کر رکھیں۔

اس کے بعد چھلنی میں چھان لیں۔

اب ایک برتن میں چینی اور اڑھائی کپ پانی ڈال کر پکائیں اور اوپر آنے والے جھاگ کو ہٹاتے رہیں۔

جب چینی حل ہو جائے تو اس میں سلائس میں کٹی کیریاں شامل کریں اور بیس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔

جب کیریاں آدھی گل جائیں تو باریک کٹی ادرک اور باریک کٹا لہسن بھی ڈال دیں۔

ادرک لہسن کی خوشبو آنے لگے تو سفید سرکہ، ثابت لال مرچ، کُٹی لال مرچ اور نمک ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب گاڑھا سیرپ بن جائے اور بلبلے اوپر آنے لگیں تو چولہے سے ہٹا لیں۔ کیری کی چٹنی تیار ہے۔

تازہ ترین