اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کو شریف خاندان سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا معلوم کب کوئی سیٹی بجائے اور شریف خاندان خاموش ہو جائے، نواز شریف مایوس ہیں اب باہر سے سفارش نہیں آئی اس لئے مقامی طورپردباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جیل نہیں کاٹ سکتے لیکن آصف زرداری جیل کاٹ لیتے ہیں جبکہ پہلے بھی مریم نواز شور کے بعد ایک دم خاموش ہو گئیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ بلاول کو احتیاط کا مشورہ دیتا ہوں لیکن پارٹی میں اور بھی بڑے سیانے ہیں، پرویز مشرف سے ڈیل کے تین روز قبل کلثوم نواز نے مجھے جنگ تیز کرنے کا کہا تھا اور دوسری طرف شریف خاندان باہر جانے کی تیاریاں کررہا تھا۔