لوٹن (شہزاد علی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری زیارت حسین اور لوٹن کی سماجی شخصیت حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ سردار عبدالقیوم خان نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ مقبوضہ کشمیر کے علاوہ پاکستان میں بھی یکساں مقبول تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ان کی آخری رسومات میں افواج پاکستان نے خصوصی کردار ادا کیا تھا۔ چوہدری زیارت حسین نے بتایا کہ انہیں سردار عبدالقیوم خان سے ملاقات کا شرف حاصل ہےوہ ایک بے لوث رہنما تھے آزادکشمیر کے صدر اور وزیراعظم رہے مگر ان کی ذاتی زندگی سادگی کی بہترین مثال تھی انہوں نے بتایا کہ وہ مرحوم کی برسی کی مناسبت سے ساؤتھ ہمپٹن میں ایک تقریب بھی منعقد کر رہے ہیں حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ سردار محمد ابراہیم خان، چوہدری نور حسین، کے ایچ خورشید اور سردار عبدالقیوم خان آزاد کشمیر کی قومی شخصیات تھیں جن کی آزادی کشمیر اور پاکستان کے لیے بھی خدمات ہیں زندہ قوموں کا شیوہ ہے کہ وہ اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسی شخصیات کی یاد تمام جماعتوں کو منانی چاہئے۔