• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مقابلے میں ہلاک 3 میں سے ایک دہشتگرد کون ہے؟

کراچی میں ناردرن بائی پاس کے قریب واقع خدابخش گوٹھ میں رات گئے ہونے والے پولیس مقابلے میں ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ناردرن بائی پاس کے قریب خدابخش گوٹھ میں ہونے والے پولیس مقابلے میں مارے گئے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت طلعت محمود عرف یوسف عرف عبداللہ کے نام سے کی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ کراچی سے تھا، یہ دہشت گرد سانحۂ صفورہ میں ملوث دہشت گردوں کا قریبی ساتھی بھی تھا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کا تعلق کالعدم القاعدہ کے عبدالرزاق عرف راجہ گروپ سے تھا، دہشت گرد طلعت محمود سی ٹی ڈی کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔

واضح رہے کہ رات گئے خدا بخش گوٹھ میں پولیس اور حساس اداروں کے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے مشترکہ آپریشن کے دوران مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران وہاں موجود دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کی تھی، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے2 دہشت گرد فرار بھی ہو گئے تھے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ اور بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

تازہ ترین