وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹو سمیت اپوزیشن رہنماؤں کی وزیراعظم عمران خان پر تنقید کا کرارا جواب دیا۔
قومی اسمبلی سے خطاب میں مراد سعید نے سابق امریکی وزیر خارجہ کونڈو لیزا رئس اور امریکی صحافی باب وڈورڈ کی کتابوں کے حوالے پیش کردیے۔
انہوں نے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت تو این آر او لینے کے لئے امریکا کے پاؤں پڑگئی تھی،یہ سارے حقائق کونڈولیزا رئس کی کتاب میں موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے باب وڈورڈ کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زرداری جب صدر تھے تو انہوں نے سی آئی اے کے سربراہ سے ملاقات کی اور کہا کہ امریکا ڈرون حملے کرتا رہے اور پاکستان کا احتجاج صرف عوام کے لئے ہے۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ نواز شریف نے لندن میں اپنے علاج پر قومی خزانے سے 34کروڑ روپے خرچ کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے گھر پر فینسنگ اور سڑک بناتا ہے تو اپنے پیسوں سے اور رائیونڈ میں سڑک اور دیوار قوم کے پیسے سے بنتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 5سال میں ان لوگوں نے اپنی سیکیورٹی پر 200کروڑ روپے سے زیادہ لگادیے۔
مراد سعید نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر 130کروڑ روپے پاکستانی خزانے سے لگائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سابق وزیراعلیٰ نے اپنی رہائش گاہوں کو سی ایم سیکریٹریٹ قرار دیے رکھا تھا،بچوں کے آنے جانے پر بھی 5کروڑ قومی خزانے سے خرچ کیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 50فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، حکومت پر تنقید کرنے والے کو تو ایک پرچی پر بنی بنائی پارٹی مل گئی تھی،یہ عوام کا دکھ درد کیا جانیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس زبان میں آپ بات کر رہےہیں قوم کو تو سمجھ ہی نہیں آئی کہ آپ کس سے مخاطب ہیں،یہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے آئی ہے۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ بھٹو نے ایوب خان کی تعریف میں جس طرح آرٹیکل لکھا تھا یہاں بیٹھا ایوب خان کا پوتا بھی نہیں لکھ سکتا۔