اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پارک لین ریفرنس میں عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے موقع پر آصف زرداری کو عدالت عالیہ میں پیش کرنے کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری کر دئیے ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیب کو ہدایت کی ہے کہ جعلی بنک اکاونٹس کیس کے پارک لین ریفرنس میں عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت پر کل بروز بدھ آصف زرداری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے موکل کو عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش کرنے کیلئے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اگر ایک درخواست مسترد ہو جائے تو دوسری درخواستوں کا اسٹیٹس کیا ہو گا؟ اس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ درخواست گزار کا عدالت کے سامنے پیش ہونا ضروری ہے ، آصف زرداری کی دوران سماعت حاضری ضروری ہے ، 3 دفعہ ان کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ہے ، قومی اسمبلی کے اجلاس میں آصف زرداری روزانہ حاضر ہو رہے ہیں۔