اسلام آباد(نمائندہ جنگ،خصوصی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے امریکا کیلئے پاکستانیوں کو بیچا،کبھی سنا ہے صدر نے اپنے شہریوں کو بیچ کر پیسے لئے، بینظیر بھٹو ملک کی مقبول ترین لیڈر تھیں، پیپلز پارٹی 2002کے انتخابات جیتی مگر حکومت بنانے نہیں دی گئی، اگر عوام دشمن بجٹ پاس ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے،گھر گھر جائیں گے، اس بار اکیلے نہیں ساری اپوزیشن ساتھ نکلے گی اور ایک ساتھ چلے گی، منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بینظیر بھٹو جانتی تھیں کہ عوام ان کیساتھ ہیں، وہ جمہوریت کی بحالی کیلئے پوری دنیا میں مہم چلاتی رہیں اور ان میں ہمت تھی ،وہ امریکی صدر کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرتی تھیں ،بینظیر نے امریکا میں یہ نکتہ اٹھایا تھا کہ منافقت نہیں چلے گی، ایک طرف آپ کہتے ہیں عراق میں جمہوریت ہونی چاہئے دوسری طرف کہتے ہیں پاکستان میں آمریت ہونی چاہئے، بینظیر بھٹو نے پریشر پوائنٹ کے طور پرامریکا کو مشرف کیخلاف استعمال کیا تھا، مشرف پاکستانی عوام کی کم اور امریکا کے دباؤ کو زیادہ سنتے تھے، مشرف جمہوریت چاہتا تھا نہ ہی وردی اتار رہا تھا جس سے احساس ہوا کہ مشرف اور امریکا ہمارے ساتھ سچے نہیں ہیں، مشرف نے دہشتگردوں کیساتھ ملکر بم دھماکے کروائے، یہ این آر او یا ڈیل نہیں ہوتی، یہ جمہوریت کیلئے لڑنا ہوتا ہے، ہماری نہیں سنی گئی اور امریکا کی ایک کال پر جنگ شروع کی گئی، بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان تو مشرف کو سپورٹ کرتے تھے، وہ ریفرنڈم میں پرویز مشرف کے پولنگ ایجنٹ تھے، پرویز مشرف، امریکا اور بین الاقوامی قوتوں کے کٹھ پتلی تھے، جب بھی آمر آتے ہیں وہ عوام کی نہیں سنتے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے دیگر کئی راستے موجود ہیں، ضمنی انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے اندر فوج کی تعیناتی ایک غلط فیصلہ تھا،عام انتخابات میں کی جانیوالی غلطی ضمنی الیکشن میں نہ دہرائی جائے۔