• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بناکر مین آف دی میچ حاصل کرنے والے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے سنچری بنانے پر مبارک باد دی۔ عمران خان اتنے بڑے کھلاڑی رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔


بدھ کو میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری میرے کیئریئر کی یادگار اننگز میں سے ایک ہےکیوں کہ پچ آسان نہیں تھی نیوزی لینڈ کے بولر مشکل پیدا کررہے تھے۔جن حالات میں سنچری بنائی وہ نا قابل بیان ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں دنیا کے صف اول کے بیٹسمینوں کی فہرست میں جگہ بناؤں اورسنچری اپنے اہل خانہ اور پرستاروں کے نام منسوب کرتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے احساس تھا کہ میں اچھا کھیلنے کے باوجود میچ نہیں جتوا رہا اس لئے اب کوشش کروں گا کہ میچوں کو اپنی ٹیم کے لئے فنش کروں۔پلان کے ساتھ گیم کو آگے بڑھایا مجھے یہی پلان ملا تھا کہ میں اونچے شاٹس نہیں کھیلوں گا یہ کام حفیظ بھائی اور حارث سہیل کو دیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہم 1992ءکے ورلڈ کپ کی کوئی بات نہیں کررہے ہیں بلکہ افغانستان کو ہرانے کا سوچ رہے ہیں۔

بابر اعظم نے ون ڈے میں دس سنچریاں بنائیں ہیں اور پاکستان نے 8میں فتح حاصل کی ہے۔

پاکستان کی جیت میں اپنی بولنگ سے کردار ادا کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آج کل ٹیم پر تنقید بہت ہورہی ہے میری سارے ہم وطنوں سے درخواست ہے کہ وہ ہمیں سپورٹ کریں اور تنقید کم کریں۔

انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل اپنے بھائی ریاض آفریدی سے بات ہوئی تھی۔ریاض آفریدی اور وسیم اکرم میرے آئیڈیل ہیں ،میں بنگلہ دیشی بالر مصتفض الرحمن کو فالو نہیں کرتا۔

سوشل میڈیا پر ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار جیت کے بعد عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو مبارک باد دی ہے۔

محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے بھی بابر اعظم کی تعریف کی اور انہیں مبارک باد دی ہے۔

تازہ ترین