• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسر عامر خان اور فریال مخدوم نے بیٹی کی سالگرہ دھوم دھام سے منائی

لندن (نیوز ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم نے اپنی چھوٹی بیٹی علینہ کی پہلی سالگرہ نہایت دھوم دھام سے اسی ماہ کے آغاز میں بولٹن یونیورسٹی کے سٹیڈیم میں منائی۔ علینہ اپریل میں ایک سال کی ہوگئی تھی مگر جوڑے نے سال کے اختتام پر مانچسٹر سے لندن منتقل ہونے سے قبل اپنے ہوم ٹائون میں بیٹی کی سالگرہ پر ایک بڑا جشن منانے کا فیصلہ کیا۔ 32سالہ باکسر عامر اور 27سالہ میک اپ انٹرپریونر فریال نے ہال کو امازون سے متاثر ہو کر رین فارسٹ میں تبدیل کر دیا جس میں منطقہ حارہ سے تعلق رکھنے والے جانوروں کے مجسمے، متحرک جھاڑیاں اور چمکدار جنگل پرنٹس آویزاں کئے گئے تھے۔ ڈانس فلور صائمہ نے دل موہ لینے والے انداز میں ڈیزائن کیا، اس کی منصوبہ بندی اوپیولینس ایونٹس لندن نے کی۔ آنے والے مہمانوں کا استقبال جنگل کی تھیم پر مبنی بینرز سے کیا گیا جن پر تحریر تھا کہ ’’علینہ کا جنگل‘‘۔ گزشتہ سال وہ فریال کو اس کی سالگرہ کے موقع پر امریکہ لے گئے اور شاپنگ کرائی۔ اخبار کے مطابق پانچ سالہ لمیشاہ اور 14 ماہ کی علینہ کی ماں کی حیثیت سے فریال مخدوم نے یہ ثابت کر دیا کہ فیملی سب سے مقدم ہے۔ جوڑے کی جانب سے قبل ازیں منگنی اور بڑی بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر پرتعیش تقریبات منعقد کرنے کے باعث علینہ کی پہلی سالگرہ دھوم دھام سے منانے پر کسی کو کوئی حیرت نہیں تھی۔

تازہ ترین