• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا سے 4600 گولیاں لانے والا گرفتار

لاہور ایئر پورٹ پر گزشتہ روز پکڑے جانے والے گولیوں سے بھرے 3 بیگوں کے کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، ان بیگز کے مالک کا سراغ لگا لیا گیا۔

امریکا سے مختلف اقسام کی 4600 بندوقوں اور پستولوں کی گولیاں لانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

لاہور ایئر پورٹ پر گزشتہ روز ایک غیر ملکی پرواز کے ذریعے گولیوں سے بھرے 3 بیگ لائے گئے تھے، جن کا مالک شبہ ہونے کے بعد بیگ وہیں چھوڑ کر خاموشی کے ساتھ فرار ہو گیا تھا۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز معظم نے بتایا کہ ملزم محسن نواز کو ٹیگ کی مدد سے سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا ہے، جو فیصل آباد کا رہائشی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گولیوں سے بھرے بیگ امریکا سے بک ہوئے تھے، امریکا سے پرواز روانہ ہوتے ہی کسٹمز حکام کو اس کی اطلاع مل گئی تھی۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کا کہنا ہے کہ بیگوں سے ملنے والی مختلف اقسام کی گولیوں میں 308 بور کی گولیاں بھی شامل ہیں جو اسنائپر رائفل میں استعمال ہوتی ہیں اور وہ بکتر بند چیر کر بھی نکل جاتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے اب تک گولیاں لانے کے حوالے سے کوئی ٹھوس بیان نہیں دیا ہے، تاہم کسٹمز حکام سمیت دیگر ایجنسیاں اس سے تفتیش کر رہی ہیں۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کی سفری دستاویزات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے اور دیکھا جا رہا ہے کہ وہ پہلے کب کب آتا جاتا رہا ہے۔

تازہ ترین