• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ گھوٹکی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ،وکیل وزیر اعظم

اسلام آباد(جنگ نیوز ) تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد سے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی الیکشن کمیشن میں جواب داخل کرادیا۔تحریری جواب میں ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف قانون کے مکمل احترام پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم کی کابینہ کے رکن علی محمد مہر دارِ فانی سے کوچ کرگئے، وزیراعظم ان کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے گھوٹکی گئے، انہوں نے گھوٹکی میں سیاسی سرگرمی میں حصہ لیا نہ ہی میڈیا سے مخاطب ہوئے۔وزیراعظم نے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی شق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، ضابطہ اخلاق کی شق 17 بی صدر اور وزیراعظم کی انتخابی سرگرمیوں میں شمولیت پر قدغن عائد کرتی ہے، مذکورہ شق کسی طور بھی تعزیت سے نہیں روکتی۔بابر اعوان نے اپنے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم کے خلاف من گھڑت درخواست داخل کرکے سنسنی پھیلانے کی ناکام کوشش کی گئی، وزیراعظم کے خلاف جھوٹا بیان داخل کرنے پر مذکورہ شخص کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اختیار رکھتے ہیں، الیکشن کمیشن 19 جون کا نوٹس واپس لے اور درخواست و بیان حلفی کی نقول فراہم کرے۔
تازہ ترین