ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے نواز شریف تک ذاتی معالج کو رسائی نہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی قیدی نواز شریف سے اتنا خوف ہے کہ اُن کے بنیادی حقوق سے اُنہیں محروم رکھا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان یاد رکھیں نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو آپ کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا، آپ جتنی مرضی گری ہوئی حرکتیں کر لیں علیمہ باجی چور ہے کا اور سیلیکٹڈ کا نعرہ تو لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے نہ ملنے دیں لیکن 10 ماہ میں 7 ہزار ارب کے قرضے کا جواب دینا پڑے گا ، 10 ماہ میں گیس کی قیمت میں 200 فیصد اضافے کا جواب دینا پڑے گا، مہنگائی 12فیصد اور ترقی کی شرح آدھی کرنے کا جواب بھی دینا ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ذاتی معالج کو نہ ملنے دینا نالائق اعظم کی مجرمانہ ذہنیت کا ثبوت ہے، کم ظرف حکومت پابند سلاسل نواز شریف سے کس قدر خوفزدہ ہے، ذاتی معالج کو ملاقات کی اجازت نہ دینے سے بخوبی اندازہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جھکانے اور خوفزدہ کرنے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوئے ہیں۔