کراچی (ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ اے پی سی یقینا ًناکام ہوئی جس میں سب سے بڑی غلطی فضل الرحمن کی ہے کہ انہوں نے کہاکہ ہم لاک ڈاؤن کردیں گے کیوں کہ مولانا کا ذاتی مسئلہ ہے انہیں خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف نے شکست دی ہے اور پھر عمران نے انکا نام بھی مولانا ڈیزل رکھا ہوا ہے جوان کے لئے بڑی تکلیف دہ ہے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مولانا نوابزادہ نصر اللہ بننا چاہ رہے ہیں،انقلاب مولانا فضل الرحمن نہیں لاسکتے،پیپلز پارٹی اے پی سی کا حصہ مولانا فضل الرحمن کے احترام میں بن گئی، یہ ہم نے بہت دفعہ کیا ، پیپلز پارٹی کی عادت ہے کہ وہ دوستی میں اپنا نقصان کرالیتی ہے، آصف زرداری کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ دوستوں کے دوست ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن پر اعتبار نہ کرنے کی کوئی ایک وجہ نہیں ماضی بھرا ہوا ہے۔