• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری زیادہ وقت نیب قید کے بجائے پارلیمنٹ میں گزارینگے،پی پی کاپلان تیار

اسلام آباد(طاہر خلیل)اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت پیپلزپارٹی نے آصف علی زرداری کی پارلیمنٹ میں موجودگی سے متعلق پلان تیار کر لیا,ذرائع کے مطابق آصف زرداری زیادہ وقت نیب کی قید کے بجائے پارلیمنٹ میں گزارینگے،6قائمہ کمیٹیوں کے ممبرہونگے،اجلاس میں شرکت کیلئے چیئرمین کمیٹی انکے پروڈکشن آرڈرجاری کرینگے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق آصف علی زرداری کو قومی اسمبلی کی مزید تین قائمہ کمیٹیوں کا ممبر بھی بنا دیا گیا ہے ،وہ چھ قائمہ کمیٹیوں کے ممبر ہونگے، زرداری کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات ، وفاعی پیداوار اور نجکاری کا ممبر بھی بنا دیا گیا ہے، قبل ازیں سابق صدر قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار ، ٹیکسٹائل اور آبی و سائل کے ممبر بھی بنا دیئے گئے تھے، قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں آصف زرداری پر وڈکشن آرڈر پر شرکت کر سکیں گے، قواعد کے مطابق قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو بھی پروڈکشن آرڈر ز جاری کر نیکا اختیار ہے، آصف زرداری کو جن چھ کمیٹیوں کا ممبر بنایا گیا ہے ان میں سے چار کمیٹیوں کے چیئرمین پیپلز پارٹی جبکہ دو کے چیئرمین مسلم لیگ (ن) سے ہیں ،کامرس اینڈ ٹیکسٹائل کمیٹی کے چیئرمین نوید قمر ، آبی وسائل کے نواب یوسف تالپور ، صنعت و پیداوار کےچیئرمین ساجد طور ی اور نجکاری کمیٹی کے چیئرمین مخدوم مصطفیٰ محمود ہیں، اطلاعات و نشریات کمیٹی کے چیئرمین مسلم لیگ (ن) کے میاں جاوید لطیف جبکہ دفاعی پیداوار کمیٹی کے چیئرمین مسلم لیگ (ن) کے افتخار نذیر ہیں، آصف زرداری کو ان کمیٹیوں میں شامل کرنے کیلئے پیپلز پارٹی نے اپنے چھ ارکان کی نمائندگی واپس لے لی ،25 جون کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کی تین قائمہ کمیٹیوں ٹیکسٹائل ، صنعت و پیداوار اور آبی وسائل میں پیپلز پارٹی نے اپنی نمائندگی تبدیل کر دی دو کمیٹیوں میں فریال گوہر کے شوہر سید منور علی تالپور اور ایک میں سید مصطفیٰ احمد کی جگہ اب آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرینگے، قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے سے آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر ز غیر موثر ہوگئے ہیں، آصف زرداری اب 3 جولائی کو قومی اسمبلی کی اطلاعات و نشریات کمیٹی میں شرکت کر سکیں گے ، جس کا اجلاس پیمرا میں ہو گا اور انکے پروڈکشن آرڈر مسلم لیگ (ن) کے میاں جاوید لطیف جاری کرینگے جو اطلاعات و نشریات کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں ۔
تازہ ترین