مری،لاہور(جنگ نیوز،خبرنگار)مری میں تیز آندھی کے باعث پتریاٹہ میں کیبل کار کا رسہ پُلی سے اُتر گیا،جس سے 12کیبل کاروں میں سوار خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 100 کے قریب سیاح پھنس گئے۔ریسکیو آپریشن کرکے 25 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے حادثہ کی رپورٹ اور انکوائری طلب کرلی اور ہدایت کی ہے کہ سیاحوں کو نکالنے کیلئےتمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔ ہفتے کو تیز آندھی کے باعث کیبل کار کا رسہ پلی سے اترنے کا حادثہ پیش آیا۔ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے راولپنڈی سے بھی پولیس کی نفری بھجوائی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک کیبل کار میں 8 سیاح سوار ہیں۔آخری اطلاعات تک ریسکیو ٹیموں نے 100 میں سے 25 افراد کو کیبل کاروں سے بحفاظت نکال لیا، دیگر کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری رہا۔