• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آج سے انگلینڈ میں شروع ہوگا

لندن (اے پی پی) رواں برس کا تیسرا بڑا گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 133 واں ایڈیشن آج سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائیگا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کےلئے ایکشن میں نظر آئینگے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔ سربین شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکوو چ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جرمنی کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر پانچ انجلیق کربر اپنے اعزاز کا دفاع کرینگی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں مائیک برائن اور جیک سوک پر مشتمل امریکی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں کترینا سینیاکووا اور باربورا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کےلئے پنجہ آزمائی کریگی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں آسٹریا کے الیگزینڈر پیا اور ان کی امریکن جوڑی دار نیکولی میلیچر اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ میگا ایونٹ یکم جولائی سے شروع ہوکر 14 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کیلئے کھلاڑیوں کی سیڈنگز جاری کر دی گئی، دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ ٹاپ سیڈ مقرر ہو گئے۔ راجر فیڈرر سیکنڈ اور رافیل نڈال تھرڈ سیڈ ہوں گے۔ ویمنز سنگلز میں ایشلیگ بارٹی پہلی مرتبہ ٹاپ سیڈ مقرر ہوئی ہیں۔ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا۔ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے حوالے سے مینز اینڈ ویمنز سنگلز ایونٹس کیلئے کھلاڑیوں کی سیڈنگز کا اعلان کر دیا گیا ہے، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر ایک سربین سٹار جوکووچ ٹاپ سیڈ ہوں گے، عالمی نمبر دو نڈال کی بجائے عالمی نمبر تین فیڈرر کو سیکنڈ سیڈ رکھا گیا ہے جبکہ سپینش سٹار تھرڈ سیڈ ہوں گے، نڈال کے ففٹی ففٹی چانسز ہیں کہ انہیں جوکووچ کے گروپ میں رکھا جائے تاہم دونوں کھلاڑیوں کا سیمی فائنل میں آمنا سامنا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز میں عالمی نمبر ایک آسٹریلوی کھلاڑی ایشلیگ بارٹی کو ٹاپ سیڈ رکھا گیا ہے، جاپان کی ناؤمی اوساکا سیکنڈ اور دفاعی چیمپئن جرمن کھلاڑی اینجلیق کربر کو ففتھ سیڈ رکھا گیا ہے، سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو الیونتھ اور جوہانا کونتا کو نائنٹینتھ سیڈ رکھا گیا ہے۔
تازہ ترین