• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک اعلیٰ شخصیت کے خلاف برطانیہ اور امریکا میں تحقیقات ہورہی ہے،آصف زرداری

اسلام آباد(جنگ نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہےکہ ایک اعلیٰ شخصیت کیخلاف برطانیہ اور امریکا میں تحقیقات ہورہی ہے، جب ہماری حکومت آئے گی تو نیب اس کیس کا نوٹس لے گا، میرے انٹرویو میں یہ ہی تو اصل بات تھی،فی الحال اس حکومت کو طاقتور قوت کی سپورٹ ہے، عمران خان بونگا ہے،اسکی بات سننے کا میرے پاس وقت نہیں ۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں اور میڈیا کو کمزور لوگ قابو کرتے ہیں، یہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ آصف زرداری نے رانا ثناء اللہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا ء اللہ خان کے ساتھ جو ہوا وہ ظلم ہے ، اس کی مذمت کرتا ہوں، رانا ثناء اللہ پر لگایا جانے والا الزام بڑا بھونڈا ہے، کیا رانا ثناء اللہ اپنی گاڑی میں منشیات لے کر جا رہے تھے؟ مجھ پر بھی ایسا ہی کیس بنایا گیا تھا، مجھے منشیات کیس سے نکلنے میں 5سال لگ گئے، میرے کیس میں برآمدگی کوئی نہیں تھی، اس کیس میں ڈالی گئی ہے، میرے کیس کی بھی سزا موت تھی اور رانا ثناء اللہ پر بھی بنائے گئے کیس کی سزا موت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے میری گرفتاری لی نہیں میں نے گرفتاری دی ہے، یہ گرفتاریاں ہوتی رہیں گی ہم مقابلہ کریں گے، گرفتاری دے کر بھی ہم مقابلہ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین