• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان: مقابلے کے بعد مغوی بازیاب، 2 ڈاکو زخمی

رحیم یار خان کے علاقے کچہ رجوانی کے قریب پولیس اور ڈکیت گروہ قابل مزاری گینگ میں مقابلہ ہوا ہے جس کے بعد ایک مغوی شعبان کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران کی جانےوالی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو زخمی ہوئے ہیں، مغوی شعبان کو 26 جون کو ڈاکوؤں نے اغوا کیا تھا۔

ادھر راجن پور میں کچے کے علاقے میں اشتہاری ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کو آج پانچواں دن ہے، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

ڈی پی او راجن پور ہارون رشید کے مطابق راجن پور کی تحصیل روجھان میں کچے کے علاقے میں 20 سے زائد اشتہاری ڈاکو موجود ہیں، جن کی موجودگی اور مغویوں کی بازیابی کے لیے پولیس کا یہ آپریشن جاری ہے۔

ان اشتہاری ڈاکوؤں نے روجھان سے تین مقامی افراد کو اغوا کیا تھا جن کو پولیس نے تین روز قبل بازیاب کروا لیا ہے، بازیاب ہونے والوں میں عمران، آفتاب اور ریاض احمد شامل ہیں۔

پولیس نے ڈاکوؤں کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے، ڈاکو جس کشتی پر فرار ہو رہے تھے پولیس نے وہ تباہ کردی ہے جس سے متعدد ڈاکو زخمی ہو گئے، آپریشن میں ضلع رحیم یار خان کی پولیس بھی شامل ہے۔

پولیس کی جانب سے مؤثر حکمت عملی کی بدولت ڈاکوؤں کی متعدد پناہ گاہوں کو مسمار کر دیا گیا ہے اور ڈاکوؤں کے اصل ٹھکانے کی طرف پیش قدمی تیزی سے جاری ہے۔

آپریشن میں پولیس اہلکار و کمانڈوز بکتر بند گاڑیوں، اے پی سی، دور تک دیکھنے والی دوربینوں سمیت دیگر جدید آلات کا استعمال کر رہے ہیں۔

تازہ ترین