• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا

مری کے جنگلات میں پیر کی شب 8 بجے لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے، کئی کلومیٹر رقبے پر پھیلی آگ سے فضا میں دھواں پھیل گیا ہے۔

آگ سے اٹھتے دھویں کے باعث مقامی افراد کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، منگل کی (گزشتہ) شب مری ایکسپریس وے سے ملحقہ بوستال کے جنگل میں بھی آگ لگ گئی۔

تحصیل کوٹلی ستیاں کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ملوٹ ستیاں سمیت قریبی علاقوں بھتیاں، سانٹھ انوالی، بانڈ گلی میں پیر کی شب سے اب تک 15 کلو میٹر پر لگے چھوٹے بڑے تمام درخت جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔

جنگلات کے قریب آباد مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمۂ جنگلات کی جانب سے آگ بجھانے کے لیے اب تک کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے، دھوئیں کے باعث سانس لینا بھی مشکل ہو رہا ہے۔

مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری طور پر بجھایا جائے۔

دوسری طرف محکمۂ جنگلات نے اس ضمن میں اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں آگ لگی ہے وہاں فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیوں کی رسائی ممکن ہی نہیں۔

محکمۂ جنگلات کے حکام کے مطابق ابھی ایک آگ بجھی ہی نہیں تھی کہ 24 گھنٹے بعد منگل کی شب رات 8 بجے ہی مری ایکسپریس وے سے ملحقہ بوستال کے جنگل میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔

محکمۂ جنگلات کے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آ گ نے جنگل کے وسیع رقبے کو لپیٹ میں لے لیا ہے، ریسکیو کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

تازہ ترین