• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

امریکا دنیا میں سب سے زیادہ کچرا پیدا کرنے والا ملک بن گیا


کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر کے ملک ہر سال 2؍ ا رب ٹن کچرا پیدا کرتے ہیں جو اولمپک سائز کے 8؍ لاکھ سوئمنگ پول بھرنے کیلئے کافی ہے۔ اور اب اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ کچرا پیدا کرنے والے ممالک میں امریکا سر فہرست ہے کیونکہ امریکی عوام دنیا بھر کے مقابلے میں اوسطاً تین گنا زیادہ کچرا پیدا کرتے ہیں جس میں پلاسٹک سے بنی اشیا اور بچ جانے والی خوراک بھی شامل ہے۔ اگر ری سائیکلنگ کی بات کی جائے تو اس معاملے میں بھی امریکا دیگر ملکوں سے پیچھے ہے اور صرف 35؍ فیصد کچرا ہی ری سائیکل کیا جاتا ہے۔ اس دوڑ میں جرمنی سر فہرست ہے جو اپنا پیدا کردہ 65؍ فیصد کچرا موثر انداز سے ری سائیکل کرتا ہے۔ گلوبل رسک کے حوالے سے مہارت رکھنے والی بین الاقوامی کمپنی ویریسک میپل کرافٹ کی جانب سے تیار کردہ یہ اعداد و شمار اور تحقیق بلدیاتی کچرے پر کی گئی ہے۔ بلدیاتی کچرا وہ فضلہ ہوتا ہے جو رہائشی، ادارہ جاتی اور تجارتی ذرائع سے پیدا ہوتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر سال 2.1؍ ارب ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے اور اس کا صرف 16؍ فیصد ہی حصہ ہی ری سائیکل کیا جاتا ہے۔ چین اور بھارت کی آبادی دنیا کی آبادی کا 36؍ فیصد حصہ ہے اور یہاں دنیا بھر کا 27؍ فیصد کچرا پیدا ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، امریکی شہری فی کس 773؍ کلوگرام کچرا پیدا کرتے ہیں اور چین کے باشندوں کے مقابلے میں تین گنا جبکہ ایتھوپیا کے شہریوں کے مقابلے میں سات گنا زیادہ ہے۔ نیدرلینڈز، سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جرمنی اس فہرست میں اچھے ممالک میں شمار کیے گئے ہیں۔ برطانیہ 14ویں نمبر پر ہے جہاں ہر شہری سالانہ 482؍ کلوگرام کچرا پیدا کرتا ہے۔

تازہ ترین