اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے اصول سے نہیں ہٹا سکتی، ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے 5 جولائی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جس نے معاشرے میں بگاڑ پیدا کیا، آئین سے انحراف کرکے جمہوریت پر شب خون مارا گیا ، بلاول نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد کرتے رہینگے،سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اتحادیوں کی مدد سے 1973 کے آئین کو تو بحال کیا مگر اس سوچ کو شکست دینا ابھی باقی ہے جس سوچ کو جمہوریت سے پر خاش ہے۔ آج کے دن جمہوریت پسندوں کو اس عزم کی تجدید کرنی ہوگی کہ وہ آئین کی حکمرانی اور بااختیار پارلیمنٹ کے اصول پر ثابت قدم رہیں گے، کچھ عناصر اٹھارویں آئینی ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں، آئین سے انحراف کے مضر اثرات نکلیں گے جس کا ملک متحمل نہیں ، مضبوط اور مستحکم جمہوریت میں ہی ملک کی بقا اور سلامتی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے ملک کے معاشرے، معیشت اور جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔