اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) بینظیر بھٹو ہسپتال میں بجلی کی طویل بندش کے باعث آپریشن ملتوی کرد یئے گئے۔ ان ڈور وارڈ اندھیرے میں ڈوب گئے اور او پی ڈی بھی بند رہی ۔ جبکہ پانی کی تین دن سے بندش پر نرسنگ عملے و سٹوڈنٹس نے مری روڈ پرشدید احتجاج کیا، جسکی وجہ سے ٹریفک بند رہی۔ آئیسکو کی جانب سے تین روز سے گرڈ کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے بینظیر ہسپتال کو گزشتہ روز شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ روز تو ہسپتال کا متبادل انتظام بھی بیٹھ گیا اوراو پی ڈی تک بند کرنا پڑی ۔ترجمان آئیسکو کے مطابق ہسپتال انتظامیہ کو ایکسیئن سیٹلائیٹ ٹاؤن نےبجلی بندش کی پیشگی اطلاع دے دی تھی۔بینظیر ہسپتال کو بجلی کی سپلائی کرنے والے فیڈر پر دن 12.25 سے دن 1.19 تک لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔کام مکمل ہوتے ہی بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ۔