کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں آپریشنل ٹیم نے اسپنی روڈ پر نالوں کے پانی سے کاشت کی گئی سبزیاں تلف کردیں ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے میجر( ر )بشیر احمد نے بتایا کہ گندے پانی سے کاشت کی گئی سبزیوں میں انتہائی مہلک اور خطرناک کیمیکل شامل ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالے کے پانی سے اگائی گئی سبزیوں میں زہریلے مادے شامل ہوکر خوراک کا حصہ بنتے ہیں جو لوگوں میں مختلف موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں جبکہ کاشت کار اور زمیندار ایسے پانی سے صرف پھول، بانس اور انڈور پلانٹس کاشت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک پہنچنے والی ہر خوراک کو محفوظ و معیاری بنانا بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے فوڈ اتھارٹی خوراک کے اگانے سے کھانے تک کے تمام مراحل کی کڑی نگرانی کیلئے اقدامات کررہی ہے ، گندے پانی سے کھیتوں کی سیرابی روکنے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے بھر پور کارروائیوں کا آغاز کیا ہے جس کے تحت رواں ہفتے گند ے پانی سے اگائی گئی فصلوں کے خلاف بی ایف اے کا مختلف علاقوں میں بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ اگلے مرحلے میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر زمینداروں اور کاشتکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔