پشاور......عوامی نیشنل پارٹی کے رہ نما امیر حیدر ہوتی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کرسی کی خاطر پرویز مشرف کو ملک سے باہر بھجوایا اور کپتان عمران خان وزیر اعظم بننے کے چکر میں اس پر خاموش ہیں لیکن دونوں یاد رکھیں کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔
اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی نے مردان کے جلسے میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کرسی بچانے کی خاطر پرویز مشرف کوملک سے باہر جانے کی اجازت دی اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کی۔ دوسری جانب آئین توڑنے والے کو بخوشی ملک سے نکال دیا گیا تاہم کپتان عمران خان اس غیر آئینی اقدام پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
امیر حیدر ہوتی نے مزید کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کو خیبر پختونخوا کے عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ دونوں صرف پنجاب کے طواف میں لگے ہوئے ہیں۔ تاہم انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ تعالی کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے۔