پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں پی آئی اے بکنگ آفس ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاڑکانہ کی عوام کو گذشتہ 40 برسوں سے حاصل سہولت ختم نہ کی جائے، پی آئی اے بکنگ آفس ختم کرنے کا فیصلہ واپس لے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ لگتا ہے، پانچ دہائیوں سے لاڑکانہ کی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنانے کے بعد بھی حکمرانوں کا کلیجہ ٹھنڈا نہیں ہوا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے اب لاڑکانہ کی عوام سے امتیازی برتاؤ کی انتہا کردی ہے، لاڑکانہ میں پی آئی اے بکنگ آفس ختم کرنا عوام کو پیپلز پارٹی سے محبت کی سزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف کٹھ پتلی حکمران ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں تو دوسری جانب دنیا کے ایک قدیم تاریخی ورثے موہن جو ڈرو تک سیاحوں کو پہنچنے کی سہولیات ختم کی جا رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم امتیازی پالیسیوں سے احساس محرومی کے نئے بیج بونا بند کریں، قوم اب تک آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کے بوئے ہوئے عذابوں کو بھگت رہی ہے، پاکستان پر رحم کریں، ملک کے ہر کونے کی عوام کو ایک آنکھ سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔