مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے انکشاف کیا ہے کہ ایسی مزید ویڈیوز ہیں،جن میں جج صاحب نے دبائو ڈالنے والوں کے نام بھی لئے ہیں۔
ایک بیان میں ن لیگی ترجمان نے سپریم کورٹ سے جج کی مبینہ ویڈیوز کے معاملے میں نوٹس لینے کی اپیل کردی۔
انہوں نے کہا کہ ایک ویڈیو میں جج صاحب نے کہا کہ مجھے 10 سال سزا کا کہا گیا مگر میں نے 7 سال سزا دی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام ویڈیوز مناسب اور قانونی فورمز پر بھی پیش کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جج صاحب نے قریبی تعلق کی وجہ سے فیصلے کی خامیاں گھر بلا کر لکھوائیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ جج صاحب کو اگر رشوت کی پیشکش اور دھمکیاں دی گئیں تو انہوں نے کیس کے دوران کیوں نہیں بتایا؟
انہوں نے کہا کہ فیصلے کی طرح جج صاحب کی پریس ریلیز بھی دباؤ کا نتیجہ ہے،وہ مظلوم ہیں، بار بار دباؤ ڈال کر ان سے یہ چیزیں کرائی جائیں گی۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہاکہ بہتر ہوتا جج صاحب وڈیو بیان دیتے، جس پتہ چلتا موقف انہی کا ہے، ن لیگ کی پیش کردہ ویڈیو کو جس فورم پر لے جانا چاہیں لے جائیں۔