• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان سمیت 13 شہروں میں میڈیکل انٹریٹیسٹ 25اگست کو ہوگا ، نیگٹو مارکنگ ختم

ملتان (سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے تحت صوبہ پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل تعلیمی اداروں میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ 25 اگست کو ہوگا،انٹری ٹیسٹ ملتان سمیت 13 شہروں میں بیک وقت صبح 10 بجے شروع ہوگا،جسکے لئے امیدواروں کو صبح 9 بجے امتحانی سنٹر پہنچنا ہوگا،جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، بہاولپور،رحیم یار خان،ڈیرہ غازی خان،وسطی پنجاب کے شہروں لاہور،فیصل آباد، ساہیوال ،گجرات ،گوجرانوالا ،سرگودھا،سیالکوٹ،شمالی پنجاب کے شہروں راولپنڈی،حسن ابدال میں انٹری ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا،ایف ایس سی(پری میڈیکل) یا مساوی تعلیم( اے لیول)میں کم ازکم 70 فیصد نمبروں کے حامل طالبعلم انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے،تاہم انٹرمیڈیٹ رزلٹ کا انتظار کرنے والے طالبعلم بھی درخواست دے سکتے ہیں،درخواستیں آن لائن طریقے سے بینک آف پنجاب کے ویب لنک پر 19 جولائی سے 29 جولائی تک جمع کرائی جا سکیں گی،ویب لنک 29 جولائی کو سہ پہر 4 بجے بند کر دیا جائے گا،آن لائن درخواست جمع کروانے کے بعد طالبعلم اسکا پرنٹ حاصل کرے گا اور یہ فارم 13 سو روپے فیس کے ساتھ بنک آف پنجاب کی کسی بھی نزدیکی برانچ میں 19 جولائی سے 29 جولائی(ہفتہ،اتوار،سرکاری تعطیل کے علاوہ)صبح 9 بجے سے سہ پہر 5 بجے تک جمع کروائے گا،انٹری ٹیسٹ 200 ملٹی پل چوائس سوالات پر مشتمل ہوگا،جسمیں 80 سوال بیالوجی،60 سوال کیمسٹری،40 سوال فزکس،20 سوال انگلش کے ہوں گے،درست جواب کا ایک نمبر ہوگا،غلط جواب پر نیگٹو مارکنگ ختم کردی گئی ہے،تمام سوالات سلیبس میں سے ہوں گے،انٹری ٹیسٹ کا دورانیہ ڈھائی گھنٹے (150 منٹ) ہوگا۔جس میں پاس ہونے کے لئے کم از کم 60 فیصد نمبر(120/200)لینا ضروری ہوں گے،انٹری ٹیسٹ میں سیلف سکورنگ سسٹم کے تحت امیدوار خود بھی نمبر لگا سکیں گے،امیدواروں کو ٹیسٹ میں 2 جوابی کاپیاں دی جائیں گی،اوپر والی جوابی کاپی رنگین اور نیچے والی سادہ ہوگی ان کاپیوں کے درمیان کاربن پیپر ہو گا،ٹیسٹ ختم ہونے پر امیدوار سادہ کاپی ساتھ لے جا کر اپنے نمبر لگا سکے گا،درست جوابات یو ایچ ایس لاہور کی ویب سائٹ پر ٹیسٹ ختم ہونے کے 12 گھنٹے کے اندر جاری کر دیئے جائیں گے،انٹری ٹسٹ بارے آگاہی سیمینار 17 جولائی کو نشتر آڈیٹوریم میں صبح 10 بجے ہوگا۔
تازہ ترین