• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفتر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکا کا شیڈول جاری کردیا، وزیر اعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر 21 سے 23 جولائی کو امریکا کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ہوگی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔

دفتر خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں نئی حکومتوں کے قیام کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطح دورہ ہے، وزیر اعظم کانگریس ارکان، کارپوریٹ سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم امریکا میں مختلف تقاریب میں نیا پاکستان ویژن اور امریکا کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت کے بارے میں بھی بتائیں گے۔

عمران خان افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم سے بھی آگاہ کریں گے اور پاکستان کی پر امن ہمسائیگی کی پالیسی پر روشنی ڈالیں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط ہو گی۔

تازہ ترین