• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے دورۂ امریکا پر قیاس آرائی نہ کی جائے: دفتر خارجہ

دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے امریکا کے دورے سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے یہ بھی کہا کہ اس سلسلے میں معمول کے مطابق باقاعدہ اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی محکمۂ خارجہ کی ترجمان مارگن آرٹاگس کہہ چکی ہیں کہ وائٹ ہاؤس نے وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کی ابھی تصدیق نہیں کی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم کے دورے کے بارے میں پڑھا ہے، البتہ تصدیق کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گی۔

ادھر وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے وزیر اعظم کے دورۂ امریکا کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان 20 جولائی کو امریکا پہنچیں گے، امریکی حکام اپنے ضوابط پورا کرنے کے بعد اس سلسلے میں اعلان کر دیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہو گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ امریکی و پاکستانی وفود کے درمیان ملاقات بھی وائٹ ہاؤس میں ہی ہونی ہے، جس میں ایف اے ٹی ایف، ایران اور افغانستان کے معاملات سمیت خطے کے دیگر اہم امور پر بات چیت متوقع ہے۔

تازہ ترین