• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’امریکا میں ہوٹل کے بجائے سفارتخانے میں رہوں گا‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا جارہا ہوں،ہوٹل کے بجائے سفارتخانے میں رہوں گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر شدید تنقید کی اور کہا کہ سرکاری خرچ پر آصف زرداری نے دبئی کے40 اور نواز شریف نے لندن کے 20دورے کئے۔

انہوں نے کہا کہ میں امریکا جارہا ہوں،وہاں ہوٹل کے بجائے پاکستانی سفارت خانے میں رہوں گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو پتا ہے ان کی کرپشن کی معلومات حکومت کو مل رہی ہیں، اسی لیے انہیں حکومت گرانے کی جلدی ہے، یہ اسی لیے اکٹھے ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پہلے دن سے بلیک میل کر رہے ہیں، کہتے ہیں ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا، اپوزیشن مجھ سے صرف 3 لفظ ’این آر او‘ سننا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں آگے کا سوچیں، پرانی باتیں نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ چوری، کرپشن اور منی لانڈرنگ کر رہے ہیں، انہیں سزا دینا ضروری ہے، ان لوگوں کا احتساب نہیں کیا تو یہ ملک کو کبھی آگے بڑھنے نہیں دیں گے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ آدھا ٹیکس ان قرضوں کے سود پر جارہا ہے، جو گزشتہ حکومتوں نے لئے تھے، قرضوں کے شکنجے سے نکلنے کے لئے 3طریقے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولیاں، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کی کوشش کر رہے ہیں،تاجروں کو یقین دلایا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ صرف ایک فیصد لوگ ٹیکس دیتے ہیں،اس طرح ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،کوشش ہے کہ تاجر برادری سے مل کر کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کی نہ بات کی اور نہ غور کر رہے ہیں،نواز شریف اور آصف زرداری جن کیسز میں پھنسے ہیں،انہوں نے ہی ایک دوسرے کے خلاف بنائے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں میرا جینا پاکستان میں ہے، اسی لئے میرے ساتھ ہیں،30ہزار ارب کا قرض ایسے ہی نہیں چڑھا، ملک کی قیادت چوری میں ملوث تھی، ملک کو قرضوں سے نکالیں گے۔

تازہ ترین