• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کا دورہ ایران، ایم او یو پر دستخط، کئی شعبوں میں مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے دو روزہ دورہ ایران کے دوران گورنر جنرل خراسان رضوی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے اور باہمی تجارت ، سیاحوں اور ثقافتی وفود کے تبادلے اور زرعی و صنعتی اور انجینئرنگ کی ریسرچ کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ایران کے گورنر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ پاکستانی زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے،ترجمان وزیر اعلیٰ ہاوس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 9 تا 10 جولائی 2019 ایران کا دورہ کیا ۔اپنے دورے کے دوران وہ مشہد میں مقدس مقامات اور مزارات پر بھی گئے۔دورے کے دوران انہوں نے خراسان کے گورنر جنرل علی رزم حسینی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔ ایم او یو کے تحت دونوں اطراف سے اپنے نجی اور سرکاری شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ اور تمام علاقوں میں اعلیٰ سطح پر سیاحوں کے تبادلوں سمیت دیگر امور پر آمادگی ظاہر کی گئی۔ اس کے علاوہ ثقافت و فنون اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ فوڈ فیسٹیول، پینٹنگ کے حوالے سے ورکشاپ، میوزک اور دیگر فنون کے شعبوں میں تعاون اور فروغ دینے پر بھی آمادگی کا اظہارکیا گیا۔

تازہ ترین