• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوشہرہ کے جنگلات میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختون خوا کے ضلع نوشہرہ کے جنگلات میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونے والے آپریشن کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس پر حملے اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ڈی پی او نوشہرہ منصور امان کے مطابق رات گئے نوشہرہ کے دور دراز پہاڑی علاقے نظام پور کے جنگلات میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران دہشت گرد گروہ نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے گل محمد دہشت گرد گروہ کے 2 دہشت گرد مظہر شاہ اور خطرناک ملزم امجد مارا گیا جبکہ گل متئی نامی ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو گیا، پولیس آپریشن صبح تک جاری رہا۔

ڈی پی او کا مزید کہنا ہے کہ 25 جون کو اسی دہشت گرد گروہ نے ڈی ایس پی اور پولیس موبائل پر حملہ کیا تھا جس میں 2 اہلکار شہید اور ایس ایچ او سمیت 4 جوان زخمی ہو گئے تھے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، رہزنی، بھتہ خوری، قتل اور اقدامِ قتل کے سنگین جرائم میں چاروں صوبوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔

تازہ ترین