اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی حکومت کی جانب سے پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر شہداء فائونڈیشن اور صاحبزادہ ہارون الرشید غازی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ نواز کا وہی حشر کریں جو انہوں نے 2008کے انتخابات میں مسلم لیگ قاف کا کیا،پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیکر مسلم لیگ نواز کی موجودہ حکومت نے پرویزمشرف کے جرائم میں اپنا حصہ ڈالا ہے،علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی موجودگی میں پرویزمشرف کو بیرون ملک بھیجنے کی ذمہ داری سپریم کورٹ پر ڈال کروفاقی وزیرداخلہ نے توہین عدالت کی ہے،پرویزمشرف سمیت لال مسجد آپریشن کے تمام ذمہ دار اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے،مقدمے کا باضابطہ ٹرائل تب ہی شروع کروائیں گے جب پرویزمشرف عدالت میں حاضر ہوں گے،۔ان خیالات کا اظہار صاحبزادہ ہارون الرشید غازی اور صدر شہداء فائونڈیشن طارق اسد نے لال مسجد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے ثابت ہوگیا کہ خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز کا یہ موقف درست ہے کہ’’پاکستان کا موجودہ نظام ہمارا اصل دشمن ہے‘‘۔