• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورڈ سرفراز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے، فوری ہٹانے کی تجویز نہیں، وسیم خان

لندن(عبدالماجدبھٹی)پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے لیکن ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ سے انہیں ہٹانے کی فوری کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے ہفتے کو جنگ کو بتایا کہ کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا استحقاق ہے لیکن ابھی سرفراز ااحمد کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔آئی سی سی میٹنگ کے بعد لاہور جاکر اس بارے میں بات چیت ہوگی۔اس حوالے سے میڈیا کی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔واضع رہے کہ ڈیڑ ھ سال پہلے مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد شہریار خان نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا تھا۔اس وقت پاکستان کی ٹی ٹوئینٹی ٹیم عالمی نمبر ایک ہے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ملی جلی ہے۔برمنگھم سے فون پر بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ ستمبر کے آخر میں سری لنکا کے ساتھ دو ٹیسٹ کی سیریز ہے۔ون ڈے میچ دسمبر میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کی29جولائی کی میٹنگ میں کپتان کی کارکردگی پر بھی بات ہوگی ، کرکٹ کمیٹی مکی آرتھر اور دیگر کوچز اورسلیکشن کمیٹی کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لے گی۔اب نئے سرے سے تقرریاں ہوں گی جس کے لیے ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ، بیٹنگ کوچ اور دوسرے عہدوں کے لیے اگلے چند روز میں اشتہار جاری کردیا جائے گا۔ وسیم خان نے کہا کہ چار سال کی پلاننگ کریں گے اور اسی مناسبت سے فیصلے کریں گے لیکن اس پر مکمل غور وخوص کیا جائےگا۔پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس 29 جولائی کو طلب کیا گیا ہے، ایم ڈی وسیم خان اور مصباح الحق لاہور میں ہوں گے جبکہ کمیٹی کے سب سے ہیوی ویٹ رکن وسیم اکرم کینیڈا سے اسکائپ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کریں گے۔اجلاس میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان بھی شریک ہوں گے، محسن خان کے استعفے اور وسیم خان کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تقرری کے بعد یہ کرکٹ کمیٹی کا پہلا انتہائی حساس نوعیت کا اجلاس ہے، جس میں ورلڈ کپ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

تازہ ترین