ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کا سفارتخانہ نئی عمارت میں منتقل ہوگیا ہے۔
اس سلسلے میں گذشتہ روز ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔
تقریب میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندے مدعو تھے۔
اس دوران پاکستانی سفیر ظہیر پرویز خان نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو نئی عمارت کے صحن سے فضاؤں میں بلند کیا، اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔
ناروے میں مقیم پاکستانی سماجی شخصیت اور پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز مہر نے ’جنگ ‘کو بتایا کہ سفارتخانے کی کشادہ جگہ پر منتقلی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا، سفارتخانے کی نئی عمارت اوسلو شہر کے انتہائی کشادہ اور خوبصورت علاقے میں واقع ہے۔
تقریب کے موقع پر نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی بہت سی شخصیات نے سفیر پاکستان کو پھول پیش کئے اور سفارتخانے نئی عمارت میں منتقل ہونے پر انہیں مبارکباد دی۔
اس موقع پر ڈپٹی ہیڈ آف مشن زیب طیب عباسی، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خالد محمود اور سفارتخانے کا دیگر اسٹاف بھی موجود تھا۔
تقریب کے آخر میں علامہ سید نعمت علی شاہ نے پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
اختتام پر شرکاء کی تواضع ہلکے پھلکے پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔