گوجرانولہ (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل ظفر چیمہ کا چیئرمین ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب بننے کے بعد آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچنے پر ڈالرز، ریال، یورو اور پاکستانی کرنسی سے استقبال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما سہیل ظفر چیمہ کو گزشتہ ماہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا چیئرمین منتخب کیا گیا تھا،وہ گزشتہ روز جب آبائی شہر گوجرانوالہ پہنچے تو پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے ان کا شاندار استقبال کیا ، سہیل ظفر چیمہ کا قافلہ جب آبائی علاقے ماچھیکے سندھواں پہنچا تو پی ٹی آئی رہنما شاہد اقبال ناگرہ نے پاکستانی نوٹ، ریال، یورو اور امریکی ڈالرز نچھاور کئے۔ ڈالرز اور یورو ہوا میں اڑتے دیکھ کر پی ٹی آئی کارکنان بھی سب کام کاج چھوڑ کر غیر ملکی کرنسی لوٹتے رہے۔