چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور 2 وزرائے اعلیٰ نے ملاقاتیں کی ہیں۔
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد ایوان بالا میں سیاسی ہلچل تیز ہوگئی۔
چیئرمین سینیٹ سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر فیصل واوڈا، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے ملاقاتیں کیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی، اسد قیصر نے کہا کہ عدم اعتماد والی چیزوں سے گریز کرنا چاہئے تھا کیونکہ ایوان بالا وفاق کی علامت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایوان بالا کی عزت و احترام کا خیال رکھنا چاہئے، سینیٹ میں چاروں صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں تعاون کے ذریعے قانون سازی اور پارلیمانی امور کو موثر انداز میں چلایا جارہا ہے۔
صادق سنجرانی سے ملنے والے تمام رہنماؤں نے کہا کہ ہم چیئرمین سینیٹ کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، کوئی پریشانی والی بات نہیں، ہماری پوزیشن اچھی ہے، تمام سینیٹرز صادق سنجرانی کو ہی ووٹ ڈالیں گے، اپوزیشن اپنی خیر منائے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے حکومت میں شامل 5 فاٹا سینیٹرز نے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔