• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی طور پر مستحکم صوبہ ہی وفاق کی ضمانت ہے،صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کے اجراء میں تاخیری حربوں کا تسلسل حکومتی بدنیتی کو واضح ثبوت ہے۔ صوبوں کی معاشی بدحالی کا ازالہ خاص طور پر بلوچستان جیسے مسلط کردہ ادوار میں مسلسل نظرانداز کیا جاتا رہا ہے اور یہ صوبہ قدرتی آفات کی زد پر بھی رہا ہے اور شدید زبوں حالی سے دوچار ہوچکا ہے اسے معاشی طور پر اپنے پائوں پر کھڑا کرنا جمہوریت پسند ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے مگر ایک بار پھر اسے کوئٹہ پیکیج کے نام کی میٹھی گولی دے کر رام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکمرانوں کو شاید صوبے کے نقشے پر صرف کوئٹہ ہی نظر آتا ہے صوبے کے دوسرے شہر نہیں جنہیں مسلسل نظرانداز کئے جانے سے اب تک ان کی حیثیت کسی دوسرے صوبے کی تحصیل ہیڈ کوارٹر سے بھی کم ہے۔ جہاں آج کے اس دور میں بنیادی سہولتوں پانی، بجلی، گیس اور سیوریج ناپید ہیں۔ لوگوں کو علاج کی خاطر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی آزادی سانس لینے کے بعد بلوچستان کے عوام کی سب سے بڑی ضرورت ہے پسند و ناپسند کا یہ عمل صوبے کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہوتا چلا آیا ہے جب تک عوام کو سیاسی آزادی نہیں دی جاتی قوم میں سیاسی اعتماد بحال نہیں ہوگا اور لاحاصل تجربات کا سلسلہ یونہی چلتا رہے گا، حکمرانوں کو اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا کہ معاشی طورپر مستحکم صوبے ہی مضبوط وفاق کی ضمانت بنتے ہیں اس لئے جس قدر جلد ممکن ہو این ایف سی ایوارڈ کے منصفانہ اجراء کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے اپنی مالی مشکلات پر قابو پاتے ہوئے استحکام پاکستان کے سفر میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکیں۔
تازہ ترین