• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پولیس مقابلوں اور کارروائیوں میں 9 ملزمان گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں اور کارروائیوں میں ایک زخمی ملزم سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

نارتھ ناظم آباد اور شریف آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 4 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کر لیے، گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔

ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں لوٹ مار کی وارداتوں کے مختلف مقدمات درج ہیں۔

اسٹیل ٹاؤن میں گلشنِ حدید کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

ملزمان شہری سے لوٹ مار کی واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے، گرفتار زخمی ملزم عبدالجبار سے اسلحہ، چھینی گئی موٹر سائیکل اور دیگر سامان تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

سہراب گوٹھ گنا منڈی کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا گیا سامان اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

ملزمان سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل جوہر آباد تھانے کی حدود سے چھینی گئی تھی۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے بھی 2 موٹر سائیکل چور گرفتار کر لیے، حکام کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان نے پاک کالونی تھانے کی حدود سے موٹر سائیکل چوری کی تھی جبکہ ڈکیتی اور لوٹ مار کی کئی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

تازہ ترین