• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسے ناخوں پر بنا کر ہاتھوں کی خوب صورتی میں اضافہ کریں

خواتین اپنے حسن کوبڑھانے کے لیے نت نئے ٹوٹکے آزماتی رہتی ہیں اورہر وقت اسی سوچ میں مبتلا رہتی ہیں کہ ایسا کیا منفرد کیا جائے کہ دیکھنے والوں کو اچھا لگے۔ پہلے تو خواتین ملبوسات کی جیولری اور چوڑیوں سے میچنگ کرتی تھیں ،مگر آج کل تو بالوں اور میک اُپ کے رنگ ہی نہیں ناخنوں پر بھی توجہ دی جارہی ہے ۔ ایک سے ایک فیشن سامنے آرہے ہیں ۔ آج کل’’ نیل آرٹ‘‘ کا فیشن عروج پر ہے کم عمر لڑکیاں بھی نیل آرٹ میں کوئی نہ کوئی جدت تلاش کرنے کی خواہاں رہتی ہیں۔ اس ہفتے ہم آپ کو تربوزی نیل آرٹ بنانے کا طریقہ بتا رہے ہیں ۔اس کے لیے لال ، کالے ،سفید ،ہلکے اور گہرے رنگ کی نیل پالش کی ضرورت ہوتی ہے ۔ سب سے پہلے ناخنوں پر لال رنگ کی نیل پالش کا ایک کوٹ لگاکرتھوڑی دیر چھوڑ دیں، جب اچھی طرح سوکھ جائے تو پھر دوسرا کوٹ اسی رنگ کا لگائیں۔ اس طرح لال رنگ گہرا اور نمایاں ہوجائے گا۔

 اس کے بعد ناخنوں کے کناروںپر ہلکے ہرے رنگ کی نیل پالش لگائیں۔ جب نیل پالش سوکھ جائے تو دوسرےبرش کی مدد سے ہلکے ہرے رنگ کی نیل پالش پر گہرے ہرے رنگ کی لکیریں لمبائی میں کھینچیں۔ تقریباََ پانچ لکیریں ہر ناخن پر کھینچنی جائیں گی۔ لکیریں بالکل سیدھی نہیں بلکہ ہلکی سی لہراتی ہوئی بنائیں ۔ جب یہ سوکھ جائیں تو جہاں ہلکے ہرے رنگ کی نیل پالش لگائی تھی، وہاں اسی رنگ سے ایک لکیرکھینچ لیں۔ یادرکھیں یہ لکیر بہت زیادہ موٹی نہیں ہونی چاہیے۔ جب یہ سوکھ جائیں تو اوپر کی طرف کالے رنگ کی نیل پالش سے نقطے بنائیں، نقطے بناتے وقت اس بات کا خیال ضرور رکھیں کہ یہ زیادہ قریب نہ ہوں ورنہ آپس میں مل جائیں گے، جو دیکھنے میں بہت برے لگیں گے۔ آخر میں ٹاپ کوٹ لگائیں۔ ٹاپ کوٹ کا کوئی رنگ نہیں ہوتا وہ صرف نیل پالش کواپنی جگہ زیادہ دیر تک قائم رکھنے کے لیے لگایا جاتا ہے۔ اس کو لگانے سے نیل پالش میں بھی چمک آجاتی ہے۔ آپ بھی تربوزی آرٹ کو اپنے ناخنوں پر ضرور آزمائیں اور اپنے ناخوں کو جاذب نظر بنائیں۔

تازہ ترین