• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید گرفتار

کالعدم جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ محمد سعید ضمانت قبل از گرفتاری کرانے کے لیے لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ راستے میں سی ٹی ڈی نے ان کو حراست میں لے لیا۔

حافظ سعید کی گرفتاری کی ان کے خاندانی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق حافظ سعید کو جیل بھیجنے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے حافظ سعید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حافظ سعید کے خلاف چالان جلد مکمل کر کے عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

حافظ سعید کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

واضح رہے کہ ماہِ رواں میں حافظ سعید نے اپنے خلاف درج مقدمات پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

حافظ سعید سمیت 7 درخواست گزاروں نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں وفاق، پنجاب حکومت اور ریجنل ہیڈ کوارٹرز سی ٹی ڈی کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یکم جولائی کو حکومت نے حافظ سعید پر لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے کا بے بنیاد الزام لگایا اور مقدمہ درج کیا، حافظ سعید کا القاعدہ یا دوسری کسی ایسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ بھارتی لابی کا حافظ سعید کے خلاف ممبئی حملوں سے متعلق بیان بھی حقائق کے منافی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت حافظ سعید اور دیگر کے خلاف مقدمات کالعدم قرار دے۔

ادھر لاہور ہائی کورٹ نے بھی جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی یہ درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی تھی۔

حافظ سعید کی درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور پر مشتمل 2 رکنی بنچ کو مقرر کیا گیا تھا۔

تازہ ترین