امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طبیعت سے متعلق افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب ان کی طے شدہ عوامی مصروفیات اچانک منسوخ کر دی گئیں۔
وائٹ ہاؤس نے جاری بیان میں واضح طور پر ان خبروں کی تردید کی کہ صدر ٹرمپ کو والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 79 سالہ صدر کی صحت ٹھیک نہیں، تاہم وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ تمام دعوے بے بنیاد ہیں اور صدر اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔
افواہوں کا آغاز اس وقت ہوا جب وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ صدر دن بھر مزید کوئی عوامی سرگرمی انجام نہیں دیں گے، جو کہ غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے کیونکہ وہ عموماً ویک اینڈ پر مار اے لاگو میں موجود ہوتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق صدر کی صحت سے متعلق خدشات درست نہیں، تاہم ماضی میں بھی ان کی صحت زیر بحث رہی ہے، 2025ء میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ دائمی وینس انسفیشنسی کا شکار ہیں، جو عمر رسیدہ افراد میں ایک عام مسئلہ ہے۔
مزید برآں صدر کے ہاتھ پر نظر آنے والے پیچز سے متعلق بھی وضاحت دی گئی کہ یہ کسی بیماری سے متعلق نہیں بلکہ مسلسل مصافحے کے باعث پڑنے والے نشانات کو چھپانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔