• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی فرار کی کوشش ناکام، جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والا میاں طارق گرفتار

اسلام آباد(ایجنسیاں) دبئی فرارکی کوشش ناکام ‘ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے مرکزی ملزم میاں طارق کو گرفتار کرلیا‘سول جج اسلام آباد نے ملزم میاں طارق کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئیاے کے سائبر کرائم ونگ کے حوالے کردیا۔ایف آئی اے کے مطابق میاں طارق کی گرفتاری ایف آئی اے اسلام آباد کے سائبر کرائم ونگ نے کی، ملزم کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون سے گرفتار کیا گیا اور اس کے گھر سے ویڈیو بھی برآمد کی گئی جس کا فرانزک کرالیا گیا ہے۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان حلفی میں میاں طارق کا بھی ذکر کیا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم میاں طارق محمود کا تعلق ملتان سے ہے اور وہ دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ایف آئی اے نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں جج نے ملزم سے سوال کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہیں گے؟ اس پر ملزم میاں طارق نے الزام لگایا کہ اسے گرفتار کرکے تشدد کیا گیا جس سے اس کی ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔ایف آئی اے نے ملزم سے تفتیش کے لیے عدالت سے اس کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم میاں طارق محمود کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو 19 جولائی کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش کریں۔

تازہ ترین