گھوٹکی کے حلقہ این اے 205 میں ضمنی انتخاب 23 جولائی کو ہوگا جس کے لئے عوام پرجوش ہیں۔ پینے کا صاف پانی، اسکول، اسپتال اور صاف ستھرا ماحول یہاں کے عوام کے دیرینہ مسائل ہیں۔
این اے 205 ٹو تحصیل خانپور مہر اور تحصیل گھوٹکی پر مشتمل ہے ۔حلقے کی کل آبادی 7 لاکھ 95 ہزار 754 ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے تین لاکھ 39 ہزار 699 ووٹرز کے لئے 285 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
پیپلزپارٹی سے سابق وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر اور جی ڈی اے کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار احمد علی مہر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
سندھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے205 میں دیگر آٹھ امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نسشت پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر سردار علی محمد خان مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ سردار علی محمد خان مہر ق لیگ کی حکومت اور مشرف دور میں وزیر اعلیٰ سندھ بھی رہ چکے ہیں۔