خوش خوراکی آپ کے وزن میں تیزی سے اضافے کا باعث بن سکتی ہے لیکن پریشان نہ ہوں کیونکہ خواتین کی اکثریت اسی فہرست میں شامل نظر آتی ہے۔ ایسے میں اگر سیلیبرٹیز کی فٹنس اور چستی کو دیکھا جائے تو وہ ورکنگ ویمن حتیٰ کہ عام گھریلو خواتین کے لیے بھی کسی مثال سے کم نہیں ہوتی۔ آج ہم قارئین کی معلومات میں اضافے اور بڑھتے وزن سے نجات کے لیے مشہور شخصیات کی کچھ ایسی ٹپس شیئر کررہے ہیں، جو ہر موسم میں آپ کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی۔ ان مشوروں کو ہم نے آپ کی آسانی کے لیے تین حصوں میں تقسیم کیا ہے۔
پہلا حصہ :ڈائٹ ٹپس
حقیقت پسندانہ اہداف: معروف ومقبول ماہر غذائیت، مصنف اورکنسلٹنٹ سمانتھا ہیلر وزن کم کرنے سے متعلق خواتین کو حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ سمانتھا کے مطابق وزن میں کمی کرنےکا سوچنے یا اندازوں کی حد تک اسے محدود کرنے کے بجائےفیصلہ کریں کہ آپ ایک ماہ کے دوران کتنا وزن کم کرنے کی خواہشمند ہیں۔ اس سلسلے میں ایک ماہ کے دوران وزن میں 10کلو گرام کمی لانا حقیقت پسندانہ ہدف نہیں ہے۔ بہتر یہی ہے کہ مختصر اورقلیل المدتی اہداف مقرر کریں، ان اہداف کے حصول کیلئے سب سے پہلے مخصوص سائز کے لباس اپنائیں، دوسرا فوڈ ڈائری مینٹین کریں اور تیسرا کھانے پینے کا ریکارڈ محفوظ کریں۔ اس کے علاوہ اپنے ڈائٹ چارٹ میں چینی اورمیٹھے مشروبات کو ختم کرکے دن میں روزانہ 10سے60منٹ کی چہل قدمی کرنا اورآدھا پلیٹ سلاد (جو پالک، بندگوبھی، بروکولی، گاجر اور ایواکاڈو پر مشتمل ہو) کو شامل کرنا ہوگا۔
غذا میں کیا شامل کریں اور کیا نہیں: وزن میں نمایاں کمی کے لیے ضروری ہے کہ آپ یہ جانتی ہوں کہ آپ کو اپنی غذا میں کیا شامل کرنا ہے اور کیا نہیں۔ اگر آپ نے اب تک یہ نہیں کیا تو اس حوالے سے سوچنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ ایک فہرست تیار کریں، جس میں درج کریں کہ وہ کون سی اشیا ہیں جو وزن میں نمایاں کمی کاسبب بنتی ہیں۔ اس حوالے سے نیوٹریشن کوچ، ویٹ لفٹنگ کوچ اور یوگا انسٹرکٹر جین کوم کا کہنا ہے کہ اس فہرست میں شامل اجزا میں ہر خوراک کے ساتھ پروٹین اور سبزیوں کا اضافہ کریں جبکہ پروسیسڈ فوڈ سے اجتناب کریں۔ اسی طرح تلی ہوئی اورچربی والی غذاؤں سے بھی پرہیز کریں، فرائی ڈشز کی تیاری کے وقت عام پنیر کی جگہ کم فیٹ والے پنیر کا استعمال کریں۔ اس حوالے سے ماہر غذائیت کِم اسکریپر کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی کی خواہشمند خواتین ہری سبزیوں کو دوست بنالیں۔ ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ کی خوراک میں فائبر سے بھرپور پتوں والی سبزیاں شامل ہوں، دوسری جانب جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے پانی کا استعمال بڑھادیں۔
دوسرا حصہ :ایکسرسائز ٹپس
کارڈیو ایکسرسائز: ہم اپنے مضامین میں خواتین کو گاہے بگاہے ورزش کی اہمیت سے آگاہ کرتے رہتے ہیں، یہاں بھی ڈائٹ ایکسپرٹ وزن میں نمایاں کمی کے لیے باقاعدگی سے ورزش کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ اس سلسلے میں امریکن اداکارہ نتالیا رچرڈ سن بھی کارڈیو ایکسرسائز اپنانے پر زور دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دل کو کارڈیو ایکسرسائز کی ضرورت ہے، یہ ایک ایسی ورزش ہے جو بہت سی کیلوریز بیک وقت جلانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس ایکسرسائز کو آپ گھر پر بھی بآسانی کرسکتے ہیں۔ یہ آپ کے وزن میں تیزی سے کمی لانے کے علاوہ میٹابولزم میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہے۔ میٹابولزم میں اضافے کے لیے نتالیاکارڈیو ایکسر سائز کرنے کے علاوہ ہر تین گھنٹے بعد صحت مند غذا لینے کا بھی مشورہ دیتی ہیں۔
ورزش سے لطف اندوز ہوں: امریکی مصنف اور اداکارہ جین کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کی خواہشمند خواتین اپنے روزانہ کے معمولات میں ہلکی پھلکی ورزش شامل کریں، یہ عمل انھیں ورزش سے لطف اندوز ہونے اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت فراہم کرے گا۔ ساتھ ہی ایسے ایکسرسائز پروگرام دیکھیں جو ورزش سے حاصل ہونے والے فوائد اور نت نئی ورزشوں پر مبنی ہوں۔ کوشش کریں کہ ورزش آپ کے لیے مشقت نہ بنے، اس لیے ذہن کو ہلکا پھلکا رکھ کر ورزش سے لطف اندوز ہوں۔
تیسرا حصہ :روزمرہ کی عادات
٭اس حصے میں ایکسپرٹ کی رائے ہے کہ منفی خیالات در آنے کی صورت میں ایسےدوستوں کی صحبت سے لطف اندوز ہوں،جو وزن میں کمی جیسےاہداف رکھتے ہوں۔
٭کچھ بھی نیا کرنے یا وزن میں ہلکی پھلکی کمی ہونے پر اپنی حوصلہ افزائی کریں۔ اس سلسلے میں ہر ماہ وزن میں کمی کے لیے اضافی شاپنگ کا سلسلہ شروع کیا جاسکتا ہے۔ یہ عمل آپ کی حوصلہ افزائی کرے گا اور وزن میں کمی کا مرحلہ مشکل محسوس نہیں ہوگا۔
٭ بہت سی تحقیقات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ نیلے رنگ کا انتخاب بھوک میں کمی لاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ریستوران کے لیے عام طور پر اس رنگ کا انتخاب نہیں کیا جاتا۔ آپ بھی ڈائننگ ٹیبل کور اور کراکری کے انتخاب میں نیلے رنگ کو فوقیت دے کر اپنی بھوک میں کمی لاسکتی ہیں۔