• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رینجرز کی کارروائی، پانچ ملزمان گرفتار

 پاکستان رینجرز(سندھ) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بغدادی کے علاقے میں رینجرزنے کارروائی کرتے ہوئے ملزم ساحل کو گرفتار کیا، جس کا تعلق لیاری گینگ وار (زاہد لاڈلا گروپ)سے ہے۔ ملزم علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔

جبکہ  سعیدآباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان محمد نعمان اور طاہر حسن کو گرفتار کیا، جو رہزنی، ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

اسکے علاوہ  ماڈل کالونی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان یاسر خان اور خلیل احمد کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے  اسلحہ،ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمدکی گئی ہے اور تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا پاکستان رینجرز(سندھ) کی جانب سے کسٹم حکام کو اسمگلنگ کی روک تھام میں تعاون فراہم کرنے کے لیے کشمور ڈیرہ موڑ چیک پوسٹ پردوران چیکنگ 36600لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا۔

اسمگل شدہ 36600 لیٹرایرانی ڈیزل قبضے میں لیکر ڈرائیور بمعہ آئل ٹینکرکو کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان رینجرز (سندھ) نے اندرون سندھ ضلع  شہید بینظیر آباد کے علاقے کھدر ڈسٹری بیوٹر اور شہباز مائنر کے ایریامیں پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز، موگھے اور نکوں کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران نو مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن،موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا، جبکہ 11 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج بھی کروائی گئی۔

علاقے کے کاشت کاروں نے رینجرز، محکمہ آبپاشی اور پولیس کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔


تازہ ترین