لندن (آئی ا ین پی) دفاعی چیمپین نوواک جوکووچ نے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ مین سنگل کا فائنل جیت لیا، نوواک جو کووچ نے مسلسل دوسرا، جب کہ مجموعی طور پر پانچواں ومبلڈن ٹائٹل جیتا۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف کھیل کے عالمی میدانوں میں کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا سنسنی خیز فائنل میچ کھیلا گیا جو انگلینڈ نے جیتا، دوسری طرف ومبلڈن فائنل کی تاریخ کا سب سے سنسنی خیز، سب سے طویل معرکہ جوکووچ کے نام رہا۔سرب اسٹار نوواک جوکووچ نے فائنل میچ میں 8 بار کے ومبلڈن ونر راجر فیڈرر کو 2 کے مقابلے میں 3 سیٹس سے شکست دی۔تاریخ کے اس سنسنی خیز میچ کا پانچواں اور آخری سیٹ 100 منٹ سے زیادہ جاری رہا، جوکووچ نے 7،6، 6،1،7،6، 6،4، اور 13،12 سے کام یابی حاصل کی۔کرکٹ اور ٹینس کے ان سنسنی خیز مقابلوں کے دوران دل چسپ واقعہ پیش آیا، ٹینس کا فائنل طویل ہوتا گیا تو ومبلڈن کے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کمنٹس آنے لگے، جن میں کہا گیا کہ ہیلو آئی سی سی، تمھارا فائنل کیسا جا رہا ہے۔آئی سی سی نے ٹویٹر پر اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ فائنل میں بھی بے سکونی اور جوش کا عالم ہے۔خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ کا نیا ورلڈ چیمپئن بن گیا ہے، لارڈز میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سنسنی خیز فائنل کھیلا گیا، اعصاب کی جنگ عروج پر رہی، شایقین دل تھامے بیٹھے رہے۔میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں بھی اسکور برابر ہو گیا، لیکن میچ میں زیادہ باونڈریز کے سبب انگلینڈ جیت گیا اور پہلی بار ورلڈ کپ چیمپئن بن گیا۔ سپر اوور میں انگلینڈ نے پندرہ رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ بھی پندرہ رنز ہی بنا سکا۔ انگلینڈ نے 44 سال بعد ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا کر تاریخ رقم کر دی۔